مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی نے اردن کے عوام کے نام اہم پیغام جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ اسلامی جمہوریہ ایران پر بار بار ہونے والی امریکی جارحیت کے جواب میں امریکی فوجی اڈوں کو نشانہ بنانا ایران کا قانونی، شرعی اور منطقی حق ہے۔
بیان کے مطابق سپاہ پاسداران نے امریکی فوجی اڈوں پر برق رفتار حملوں کے دوران امریکی تھاڈ میزائل دفاعی نظام کا ایک ریڈار تباہ کر دیا۔ اس کے علاوہ ایک پیٹریاٹ نظام، ایک سی ریم ریڈار، ایندھن کے ذخائر، ہیلی کاپٹروں کے ساز و سامان کا بڑا گودام اور ہیلی کاپٹروں کی مرمت و دیکھ بھال کا ہینگر بھی نشانہ بنا کر تباہ کر دیا گیا۔
سپاہ نے کہا کہ بعض حلقے ایران پر دیگر ممالک کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کی خلاف ورزی کا الزام لگاتے ہیں، حالانکہ ایران اردن کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کا مکمل احترام کرتا ہے۔
بیان میں مزید کہا گیا کہ امریکی فوجی اڈے درحقیقت وہ علاقے ہیں جہاں مقامی قوانین نافذ نہیں ہوتے بلکہ امریکی قوانین اور امریکی فوج کا اختیار چلتا ہے، اس لیے ایسے اڈے متعلقہ ملک کی خودمختاری کی علامت نہیں بلکہ اس کی خلاف ورزی ہیں۔
سپاہ نے مزید کہا کہ دراصل امریکہ نے اردن کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کو پامال کیا ہے، جبکہ ایران صرف ان علاقوں کو نشانہ بنا رہا ہے جو امریکی فوج کے قبضے میں ہیں اور جہاں سے ایران کے خلاف حملے کیے جا رہے ہیں۔
بیان میں کہا گیا کہ گزشتہ روز میناب میں امریکی حملوں میں شہید ہونے والے 168 طلبہ کی باقیات کی تدفین کی گئی۔ یہ بچے جنگ کے پہلے روز امریکی حملے میں شہید ہوگئے تھے۔
آپ کا تبصرہ